کانپور، 8 ؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )تین دن پہلے کانپور ریلوے اسٹیشن کےآؤٹر سگنل پر تین ٹرینوں میں ایک گھنٹے کے اندر مسافروں کے ساتھ مسلح بدمعاشوں کی طرف سے مارپیٹ کر کے لوٹ مار کرنے کے معاملے میں جی آر پی حکام نے کانپور جی آر پی انچارج انسپکٹر اور دو سپاہیوں کو معطل کر دیا ہے۔جی آر پی کے پولیس سپرنٹنڈنٹ کے پی سنگھ کے مطابق، کانپور جی آر پی انچارج شیام و رت یادو کو واقعہ کا خلاصہ کرنے کے لیے دو دن کا وقت دیا گیا تھا، لیکن وہ اس واقعہ کا خلاصہ نہیں کر پائے، اس لیے انسپکٹر یادو اور اس دن ڈیوٹی پر تعینات سپاہیوں آدتیہ کمار اور جاوید کو معطل کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس لوٹ مار کے واقعہ کے ملزمان کاخلاصہ کرنے کے لیے اب تیز طرار جی آر پی پولیس اہلکاروں کو لگایا گیا ہے۔سنگھ نے دعوی کیا کہ واردات کا جلد ہی خلاصہ کر دیا جائے گا۔کچھ سراغ ہاتھ لگے ہیں اور کچھ لوگوں کی شناخت بھی کی گئی ہے، جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے ماری کی جا رہی ہے۔غور طلب ہے کہ 5 ؍اکتوبر کی صبح کانپور ریلوے اسٹیشن کے آؤٹر سگنل پر علی الصبا ح مسلح بدمعاشوں نے ایک گھنٹے کے اندر لوک مانیہ تلک ایکسپریس، ویشالی ایکسپریس اور ایک مسافر ٹرین میں جم کر لوٹ پاٹ کی تھی اور جن مسافروں نے اس کی مخالفت کی تھی ان کی جم کر پٹائی بھی کی تھی ۔اس میں تین مسافر زخمی ہو گئے تھے۔ایک گھنٹے کے اندر تین ٹرینوں میں کی گئی لوٹ مار اور مار پیٹ سے ریلوے انتظامیہ میں کھلبلی مچ گئی تھی۔ریلوے کے اعلی پولیس اور انتظامی افسران موقع پر پہنچے تھے اور معاملے کی جانچ کی تھی۔